PM Nawaz Sharif Address in Hydrabad .... Read what he said .

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ آج نیا پاکستان بن رہا ہے، پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا، ملک میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے، کراچی میں امن قائم کر دیا ہے، بلوچستان سمیت پورا ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے، کراچی سے لاہور تک موٹر وے بن رہی ہے، سندھ کے عوام کے پاس ووٹ مانگنے کے لئے آنے والوں سے پوچھنا چاہئے کہ انہوں نے ملک کے لئے کیا کیا؟ وزیراعظم نے حیدر آباد میں یونیورسٹی اور بین الاقوامی ہوائی اڈے کی تعمیر کے علاوہ 50 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز، بجلی و گیس کی فراہمی کی سکیموں اور ہیلتھ کارڈ سکیم کے اجراءکا بھی اعلان کیا۔ پیر یہاں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کنونشن میں شریک کارکنوں کے جوش و جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس اس جوش و جذبہ کی تعریف کے لئے الفاظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کارکنوں کو دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ابھی جب وہ کنونشن میں شرکت کے لئے یہاں آ رہے تھے تو راستے میں بہت سارے نوجوان اور ہماری بہنیں واپس جا رہی تھیں اور یہاں پر کافی بھیڑ تھی اور کافی لوگ جمع تھے، جس کی وجہ سے وہ لوگ مجبوراً واپس جا رہے تھے اور مجھے بہت افسوس ہو رہا تھا کہ وہ جگہ نہ ہونے کی وجہ سے واپس گئے میں ان سب سے معذرت کرتا ہوں، میں دوبارہ حیدر آباد آﺅں گا اور ان سب سے ملوں گا اور ان سے دل کی باتیں کروں گا لیکن آج پروگرام کے مطابق طے تھا کہ آج ہم یہاں پر کنونشن کی شکل میں آپ سے بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ جوش و جذبہ تبدیلی کا پیش خیمہ نظر آ رہا ہے اور یہ جوش و جذبہ جو میں آج حیدر آباد میں دیکھ رہا ہوں یہ ٹھٹھہ میں بھی دیکھ چکا ہوں، یہ بلوچستان، پنجاب اور کے پی کے میں بھی دیکھ چکا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مثالی جوش و جذبہ پر میں حیدر آباد کے عوام کو مبارکباد دیتا ہوں۔

Previous
Next Post »